بغیر آپریشن دل کے والوز کی تبدیلی بڑی کامیابی،فواد ہاشم
ملتان(وقائع نگار خصوصی،لیڈی رپورٹر)ا یڈیشنل چیف سیکرٹری سائوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ بہاولپور کے ڈاکٹرز کی ٹیم کو غیر معمولی طبی کارنامے پر خراجِ تحسین پیش کیا اور انہیں تعریفی سرٹیفکیٹ جاری کئے ۔۔
ڈاکٹرز کی ٹیم نے بغیر بڑی سرجری کے مریض کے دل کے والوز کامیابی سے تبدیل کئے ، جس پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے انہیں ملاقات کی دعوت دی۔فواد ہاشم ربانی نے کہا کہ ڈاکٹروں نے جدید طبی طریقہ کار اور ٹیم ورک کی شاندار مثال قائم کی ہے ، جس سے جنوبی پنجاب کی طبی برادری کا نام روشن ہوا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کارنامہ طبی اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط کرے گا اور ڈاکٹرز مسیحا کے درجہ کے حامل ہیں۔ڈاکٹر شہادت حسین نے بتایا کہ کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ میں بیڈز کی کمی ہے ، جبکہ آؤٹ ڈور میں سالانہ دو لاکھ مریضوں کو طبی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔ ہر سال سات ہزار مریضوں کی انجیو گرافی، چار ہزار کی انجیو پلاسٹی اور 100 مریضوں کو پیس میکر لگایا جاتا ہے ۔ ڈاکٹر اسامہ منیر نے بتایا کہ بہاولپور میں یہ پہلی بار تھا کہ بغیر سرجری دل کے والوز تبدیل کئے گئے ۔فواد ہاشم ربانی نے یقین دلایا کہ حکومت سے سفارش کی جائے گی تاکہ انسٹی ٹیوٹ میں ڈاکٹرز اور فنڈز کی کمی پوری کی جا ئے ۔ تعریفی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے والوں میں پروفیسر ڈاکٹر شہادت حسین، ڈاکٹر اسامہ منیر، ڈاکٹر گوہر بشیر، ڈاکٹر حافظ ابتسام احمد، ڈاکٹر فیصل غفار، ڈاکٹر انور، ڈاکٹر فوزیہ غفار، ڈاکٹر خالد سرور، ڈاکٹر صوفیہ فرخ اور ڈاکٹر احتراز احسن واہگہ شامل ہیں۔