قوم کے شہداء ،غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں،فواد ہاشم
ملتان (وقائع نگار خصوصی)جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں جشنِ آزادی و معرکۂ حق کے سلسلے میں ایک شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی نے قومی پرچم لہرایا، پاکستان کے پرچم کے رنگوں والے غبارے فضاء میں چھوڑے اور کبوتر آزاد کئے ۔
اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور ملک کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔تقریب میں سپیشل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو آفتاب پیرزادہ، سپیشل سیکرٹری اریگیشن اعجاز خالق رزاقی، سیکرٹری بورڈ آف ریونیو مہر خالد، مختلف محکموں کے ایڈیشنل اور ڈپٹی سیکرٹریز، سیکشن آفیسرز، سینئر لاء آفیسر اور دیگر افسر و عملہ شریک ہوا۔خطاب کرتے ہوئے فواد ہاشم ربانی نے شرکاء کو جشنِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے جو 1947 میں بے مثال قربانیوں سے حاصل ہوئی۔ پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ بہادری سے اس آزادی کا دفاع کرتی آئی ہیں، اور معرکۂ حق میں حاصل تاریخی فتح اس کا روشن ثبوت ہے ، جب بھارت کو شکست دے کر ملک کا وقار بلند کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی خاطر جانیں قربان کیں۔ یہ دن اتحاد، قربانی اور خدمتِ وطن کے عزم کو تازہ کرتا ہے ۔