معرکہ حق کی جیت یومِ آزادی کی خوشیاں دوبالا کر گئی:لبنیٰ نزیر
لودھراں (سٹی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے پاکستان کا یوم آزادی جوش و خروش اور ملی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ مرکزی تقریب ضلع کونسل لودھراں میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز باقاعدہ سائرن بجا کر کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نزیر نے سبزہ زار میں پرچم کشائی کی۔ پنجاب پولیس، ریسکیو ایمرجنسی اور پیرا فورس کے دستوں نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی اور قومی ترانہ پڑھا۔ تقریب کے دوران ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق کی جیت یومِ آزادی کی خوشیوں کو دوبالا کر گئی، اور پاک افواج نے دشمن کے جارحانہ عزائم کا دندان شکن جواب دیا۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سید وسیم حسن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد اسد علی، اسسٹنٹ کمشنر ارم شہزادی، سی او ضلع کونسل راؤ محمد علی اور سیاسی و سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔ طلباء و طالبات نے تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کر کے جشن میں چار چاند لگا دیے ۔