چوری ،ڈکیتی کی درجنوں وارداتیں،شہری لاکھوں سے محروم
ملتان (کرائم رپورٹر)شہر میں چوری و ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں میں شہری لاکھوں روپے نقدی، طلائی زیورات، موٹرسائیکلیں اور موبائل فونز سے محروم ہوگئے ۔تھانہ جلیل آباد کے علاقے میں ریحان سے دو ڈاکو گن پوائنٹ پر موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے ۔
تھانہ کینٹ کے علاقے میں سجاد حنیف سے نامعلوم موٹرسائیکل سوار جھپٹا مار کر موبائل لے گئے ۔ تھانہ مظفرآباد کے علاقے میں اشفاق حسین سے تین ڈاکو نقدی 29 ہزار روپے اور موبائل چھین کر فرار ہوگئے ۔تھانہ قطب پور کے علاقے میں محمد حسیب غفار اور ان کی اہلیہ سے ملزموں نے اسلحہ کے زور پر نقدی 15 ہزار روپے ، دو موبائل فون اور طلائی کانٹے لوٹ لئے ۔ تھانہ شاہ رکن عالم کے علاقے میں خضر حیات کا موبائل چھین لیا گیا۔اسی دوران مختلف علاقوں سے شہریوں کے گھروں اور جیبوں سے زیورات، موٹرسائیکلیں، گیس و بجلی کے میٹر اور دیگر قیمتی سامان اڑا لیا گیا۔ کینٹ میں عامر خان اور ضیاالرحمن کے موبائل فونز، اسماء یعقوب کے گھر سے دو تولہ سونا، ایک تولہ چاندی اور سپیکر، چہلیک سے راشدہ بی بی کے گھر سے تین تولہ سونا اور چاندی کے برتن، گلگشت میں سلیم کا بجلی میٹر، بی زیڈ میں عزیز کے موبائل فونز، صدر میں شوکت کا گھریلو سامان، الپہ میں عالی شیر کی موٹرسائیکل اور بستی ملوک میں افتخار کا موبائل چوری ہوگیا۔صدر شجاع آباد میں افضل سے نقدی 44 ہزار روپے ، ایک تولہ سونا اور دیگر سامان، صدر جلالپور میں محمد عابد کا انورٹر، سٹی جلالپور میں ظفر حسین سے نقدی ایک لاکھ 30 ہزار روپے ، طلائی زیورات اور دیگر سامان، باقر حسین کا 50 ہزار روپے مالیت کا بکرا، جبکہ شاہ رکن عالم سے فیصل سلیم کا موبائل فون چوری کرلیا گیا۔