معرکہ حق میں فتح سے قوم کا وقاربلند ہوا،حاجی اکرم
ملتان (لیڈی رپورٹر)پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن کے ہیڈ آفس ملتان میں پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔
سابق چیئرمین حاجی محمد اکرم اور سابق چیئرمین سہیل محمود ہرل نے دیگر ممبرز کے ہمراہ ایسوسی ایشن کی عمارت پر قومی پرچم لہرایا۔اس موقع پر حاجی محمد اکرم نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا یومِ آزادی ایک منفرد دن ہے کیونکہ ہم نے اپنے ازلی دشمن بھارت کو بنیان المرصوص آپریشن میں عبرتناک شکست دی۔ ہماری بہادر افواج نے دشمن کو اس کے گھر میں گھس کر مارا اور جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا، جس سے پاکستان اور قوم کا وقار دنیا بھر میں بلند ہوا۔انہوں نے کہا کہ اسی خوشی میں آج ہم یومِ آزادی کے ساتھ یومِ معرکہ حق بھی منا رہے ہیں۔ اس عظیم فتح پر پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کی آزادی و سلامتی کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے ۔حاجی محمد اکرم نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے ، جس کی بدولت دنیا میں ہماری عزت اور پہچان ہے ۔ آزادی ہی کی وجہ سے ہم دینِ اسلام کے مطابق اپنی زندگی بسر کر رہے ہیں اور آزادانہ کاروبار کر رہے ہیں۔