خواتین کی ویڈیو بناکر وائرل کرنے والا نوجوان پکڑا گیا
ملتان (کرائم رپورٹر)خواتین کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے والا نوجوان اہل علاقہ کے ہتھے چڑھ گیا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں چند افراد ایک لڑکے کو جوتوں سے تشدد کا نشانہ بنا رہے تھے اور ناک سے زمین پر لکیریں نکلوا رہے تھے ۔
پولیس مخدوم رشید اور بستی ملوک نے ویڈیو کی چھان بین کی تو ملزم کی شناخت محمد جنید کے نام سے ہوئی، جو فرید پور کا رہائشی اور 18 پل پر فیبرکس کی دکان پر ملازم ہے ۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزم بازار میں آنے والی خواتین کی ویڈیوز موبائل فون سے بنا کر ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کرتا تھا۔ اس نے \"صوبیہ ملک\" کے نام سے فیک اکاؤنٹ بنا رکھا تھا، جس پر خواتین کی ویڈیوز پوسٹ کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم پر اہل علاقہ نے ویڈیوز وائرل کرنے پر تشدد کیا۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔