ظفری گینگ کے 2ڈاکو گرفتار‘ 11موٹرسائیکل ‘ اسلحہ برآمد
جہانیاں (نمائندہ دنیا)سی سی ڈی جہانیاں کی کارروائی ،ظفری گینگ کے دو ڈاکو گرفتار ، 11 موٹرسائیکل اور بھاری اسلحہ برآمد۔کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ کے ریجنل آفیسر انچارج عامر کامران کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ انچارج مہر اسحاق سیال اور تحصیل جہانیاں کے انچارج سب انسپکٹر مہر عمران سیال کی سربراہی میں ظفری گینگ کے دو ڈاکو جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کر لیے گئے ۔
ملزموں نے دورانِ تفتیش گیارہ مختلف سنگین وارداتوں کا اعتراف کیا، یہ بین الاضلاعی گینگ ہے تاہم زیادہ تر وارداتیں تحصیل جہانیاں میں کی گئیں۔گرفتار ملزموں سے 11چھینی گئی موٹر سائیکل اور بھاری مقدار میں جدید اسلحہ برآمدہوا ۔برآمد شدہ موٹر سائیکلیں موقع پر اصل مالکان کے حوالے کر دی گئیں۔ ڈسٹرکٹ انچارج اسحاق سیال نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملزموں سے مزید تفتیش جاری ہے ۔ ریجنل آفیسر سی سی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سب انسپکٹر مہر عمران سیال اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے سی سی ٹو انعام دینے کا اعلان کیا۔