چہلم امام حسینؓ پرمیلسی میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات
وہاڑی،میلسی(خبرنگار‘ نمائندہ خصوصی‘نامہ نگار ) ڈی پی او محمد افضل اور ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر نے میلسی میں چہلم حضرت امام حسینؑ کے جلوس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ ضلع بھر میں 2جلوسوں اور 11مجالس کو تھری لیئر سکیورٹی فراہم کی گئی ہے ،مرکزی جلوس دربار امام شاہ بخاری سے برآمد ہوا جو عید گاہ روڈ سمیت مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا واپس اختتام پذیر ہوگا۔ ڈی پی او اور ڈپٹی کمشنر نے انجمن حسینیہ کے جلوس کا معائنہ، منتظمین اور امن کمیٹی سے ملاقات کی اور سہولتوں بارے دریافت کیا۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی عمرانہ توقیر کا کہنا تھا کہ چہلم حضرت امام حسین ؓپر جلوسوں کے روٹس پر بہترین انتظامات کئے گئے ۔جلوس کے راستوں پر صفائی،روشنی،پانی اور دیگر بنیادی سہولیات یقینی بنائی گئی ہیں،تمام متعلقہ محکمے اور پولیس جلوسوں کے ہمراہ ہیں۔منتظمین جلوسوں کے اوقات کار کی پابندی یقینی بنائیں۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد افضل نے کہا کہ جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔امن وامان کی صورتحال پرمکمل کنٹرول رکھنے کیلئے شرپسند عناصر کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر میلسی رانا زوہیب کریم اور دیگر معززین بھی موجود تھے ۔