جاری اور زیر التواترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنیکی ہدایات

جاری اور زیر التواترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنیکی ہدایات

وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی)کنونیئرڈی سی سی و ممبر قومی اسمبلی سید ساجد مہدی سلیم شاہ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا

جس میں ایم این اے تہمینہ دولتانہ، ڈپٹی کمشنر عمرانہ توقیر، ممبران صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید، ملک نوشیر خان لنگڑیال،محمد نعیم خان بھابھہ، ڈی پی او محمد افضل اورمسلم لیگ ن کے ضلعی صدر میاں عمران دولتانہ نے شرکت کی۔اجلاس میں ترقیاتی سکیموں،امن و اما ن اور دیگر عوامی فلاح وبہبود کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں عوام کو ترجیح بنیادوں پر ریلیف اور سہولیات کی فراہمی کیلئے جاری ترقیاتی منصوبوں پر اقدامات تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، جاری ترقیاتی کاموں اور زیر التواء ترقیاتی منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایات کی گئیں۔ ساجد مہدی سلیم شاہ نے کہا سڑکوں کی تعمیر و مرمت میں کوالٹی کو یقینی بنایا جائے ،ناقص میٹریل ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ، بجلی کی نامکمل سکیموں کو فوری مکمل کریں۔

تہمینہ دولتانہ نے کہا لڈن میں کالج کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیاجائے ،سکولز پر خصوصی توجہ دیں۔ عمرانہ توقیر نے کہا کہ افسر خود جا کر تعمیراتی کاموں کی سائٹس کو وزٹ کریں ،سڑکوں کی تعمیر کے دوران واٹر باؤنڈ لازمی کیا جائے ۔ثاقب خورشید نے مزید کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت وہاڑی شہر کے سیوریج سسٹم اور دیگر سہولتوں میں بہتری لائی جائے گی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت 25ارب40 کروڑ 50لاکھ روپے کی 39سکیموں پر کام جاری ہے ،سیپ پروگرام 2024-25کے تحت مزید 26 سکیموں پر 18کروڑ10لاکھ روپے خرچ ہوں گے ۔ سیپ پروگرام 2025-26کے تحت ضلع کونسل کی 17سکیموں پر 30کروڑ روپے لاگت آئے گی۔سکولز میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر،جزوی یا مکمل طور پر خطرناک بلڈنگز اور سہولیات کی فراہمی کیلئے 759سکیموں پر81کروڑ98لاکھ روپے خرچ ہوں گے ،میپکو کی 901میں سے 817ترقیاتی سکیمیں مکمل ہیں اور84سکیمیں نامکمل ہیں۔میپکو کی 84سکیمیں تعمیراتی میٹریل کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے زیر التواء ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں