متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت
وہاڑی (خبرنگار،نمائندہ خصوصی) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو بابر سلیمان کی زیر صدارت متوقع سیلاب سے نمٹنے کی پیشگی تیاریوں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں تمام محکموں نے اپنے اپنے پلان پر بریفنگ دی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دریائے ستلج پر پانی کی صورتحال فی الحال نارمل ہے تاہم سیلاب کی صورت میں تمام محکمے مکمل تیاری کے ساتھ فوری ریسپانس دیں گے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام مشینری اور آلات فنگشنل رکھے جائیں، فلڈ ایریاز میں کیمپس لگائے جائیں، اسسٹنٹ کمشنرز ویلیج کمیٹیوں کو فعال کریں اور قریبی روابط رکھیں۔ ریونیو سٹاف کو متحرک کرتے ہوئے ممکنہ متاثرہ آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے پیشگی اقدامات کیے جائیں۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی احسن ممتاز، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 انجینئر دانش خلیل، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو اسٹاک ڈاکٹر محسن علی بھٹی، ایکسین محکمہ انہار، ایکسین ہیڈ اسلام، ایس ڈی او جوئیہ بنگلہ، ایس این اے منیب احمد اور دیگر افسر شریک ہوئے ۔ اسسٹنٹ کمشنر بوریوالا کیپٹن (ر) ارشد اقبال اور اسسٹنٹ کمشنر میلسی رانا زوہیب کریم نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔