شہدائے کربلاکا چہلم ‘ امام بارگاہ سفارت زینبیہ میں مجلس عزاء
وہاڑی (خبرنگار، نمائندہ خصوصی) شہدائے کربلاء کے چہلم کی مناسبت سے امام بارگاہ سفارتِ زینبیہ میں مجلسِ عزا منعقد ہوئی جس میں کراچی سے آئے معروف ذاکر اہلبیت مولانا سید عروج علی زیدی نے خصوصی خطاب کیا اور کربلاء میں اہلبیتؓ کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے حق و صداقت کی خاطر اپنی جانیں قربان کر کے امتِ مسلمہ کو بیداری اور حریت کا درس دیا۔مجلسِ عزاء میں مومنین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ شرکاء نے ذاکر کے بیان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور آنکھیں اشکبار ہو گئیں۔ مجلس کے اختتام پر چیئرمین انجمن تاجران ریڑھیاں ریل بازار وہاڑی غلام عباس کی جانب سے لنگر حسینی کا وسیع اہتمام کیا گیا جو ان کے والد مرحوم بابا سردار محمد کے ایصالِ ثواب کے لیے پیش کیا گیا۔اس موقع پر مرکزی انجمن حیدریہ کے صدر حاجی حنیف، جنرل سیکرٹری چودھری رضی خادم حسین جعفری، عاشق حسین، خرم عباس، حیدری باقر علی حیدری، طاہر عباس، شاہد عباس اور زاہد عباس سمیت متعدد شخصیات اور مومنین موجود تھے ۔ شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ امام حسینؓ کے مشنِ حق کو جاری رکھنے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔