غیر معمولی بارشیں کپاس کیلئے نقصان دہ،ذوالفقار علی
ملتان (خصوصی رپورٹر)ایم این ایس زرعی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے لودھراں میں تارا گروپ کے زرعی ریسرچ فارم کا دورہ کیا، جہاں انہیں کپاس کو درپیش مسائل اور ان کے حل پر جاری تحقیق کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
چیف سائنسدان ڈاکٹر صغیر احمد نے بتایا کہ تارا گروپ کپاس سمیت 16 دیگر فصلوں پر بھی تحقیق کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کپاس اس وقت غیر معمولی گرمی، بے وقت بارشوں، پانی کی کمی، بیماریوں اور کیڑوں کے حملوں کا شکار ہے ۔ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تارا گروپ 2013 سے تحقیقی سرگرمیوں میں مصروف ہے ۔ کپاس کے معیاری بیج کی تیاری اور فراہمی ادارے کا بنیادی مشن ہے تاکہ بہتر پیداوار کے ذریعے کسان کو خوشحال بنایا جا سکے ۔اس موقع پر وائس چانسلر کو کپاس کی نئی لائنز دکھائی گئیں جن میں موسمیاتی تبدیلیوں کو برداشت کرنے کی صلاحیت، پتہ مروڑ وائرس اور ضرر رساں کیڑوں کے خلاف مزاحمت اور مشینی برداشت کے لئے موزوں خصوصیات شامل تھیں۔ انہیں بریڈنگ مٹیریل کے ساتھ پہلے سے منظور شدہ اقسام 386.ICS اور تارا-224 کی سیڈ پروڈکشن کا بھی دورہ کروایا گیا۔پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ تارا گروپ جدید ریسرچ کے ذریعے نہ صرف کپاس بلکہ دیگر فصلوں پر بھی تحقیق کر رہا ہے ، جس کے مثبت اثرات ملکی معیشت پر پڑیں گے۔