پلاٹ پر قبضہ کر کے مکان گرا دیا ، اہل علاقہ کا احتجاج
وہاڑی (نمائندہ خصوصی) محلہ رحمانیہ کے رہائشی زمیندار محمد نبیل حیدر بھٹی نے اہل علاقہ محمد یوسف بھٹی، رانا محمد دین، مہر محمد ناصر، محمد جہانگیر بھٹی، خدا بخش لودھرا، محمد قیصر، محمد گلفام ہاشمی، محمد وسیم اور شیخ محمد حمزہ کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے۔
کہ ان کا خاندانی مکان گزشتہ رات مسلح افراد نے مسمار کردیا۔ متاثرہ زمیندار کے مطابق مذکورہ مکان 10 مرلے پر مشتمل تھا جس میں تین کمرے ، واش روم، چار دیواری اور موٹر پمپ سمیت دیگر سہولیات موجود تھیں جو عرصہ دراز سے ان کے زیر استعمال تھا۔ گزشتہ رات بستی ٹھوٹھاں کے رہائشی 20 سے 25 مسلح افراد آتشیں اسلحہ کے زور پر مکان گرانے پہنچے ، جنہوں نے مین گیٹ اکھاڑ دیا، بیرونی دیوار، برآمدہ جات اور کمروں کی چھتیں توڑ دیں جبکہ گھر کے صحن میں لگا کیکر کا درخت بھی کاٹ دیا۔ متاثرہ زمیندار کے مطابق اس واقعہ سے تقریباً 4 سے 5 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔ متاثرہ افراد نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ نامزد ملزمان کے خلاف فوری مقدمہ درج کرکے انصاف فراہم کیا جائے ۔