7وارداتیں‘شہری نقدی، موٹرسائیکل ودیگر سامان سے محروم
وہاڑی (خبر نگار، نمائندہ خصوصی) ضلع بھر میں ڈکیتی اور چوری کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا۔گزشتہ روزبھی مختلف علاقوں میں مزید سات وارداتیں ہوئیں جن میں نقدی، موبائل فون، موٹر سائیکل، مویشی اور دیگر قیمتی سامان لوٹ لیا گیا۔
تفصیل کے مطابق تھانہ ماڈل ٹاؤن کی حدود میں محمد بلال سے دو ڈاکو موبائل فون اور 15ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے ۔ اسی علاقے میں نوید کا موٹر سائیکل بھی نامعلوم چور چرا لے گئے ۔ تھانہ سٹی کی حدود میں بلال احمد کی دکان سے نامعلوم ملزم بیٹریاں، کمپیوٹر کٹ ودیگر سامان مالیت 6لاکھ 23 ہزار 600روپے چرا کر لے گئے ۔تھانہ گگو کی حدود میں حسن بلال سے تین ڈاکو 55 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے جبکہ عمر لطیف کے گھر سے چور دو بکریاں اور دس مرغیاں چرا لے گئے ۔ سہیل کے گھر سے سولر پلیٹ اور تھانہ شیخ فاضل کی حدود میں محمد اویس کی دکان سے چھ موبائل فون اور 10 ہزار روپے کی نقدی چوری کرلی گئی۔شہریوں نے بڑھتی وارداتوں پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ پولیس صرف مصروف تفتیش کا دعویٰ کرتی ہے لیکن عملی طور پر جرائم پر قابو پانے میں ناکام نظر آتی ہے ۔ عوام نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔