سیلابی تباہ کاریاں روکنا،ڈیموں کی تعمیر ناگزیر:زین قریشی
ملتان (لیڈی رپورٹر)ممبر قومی اسمبلی زین حسین قریشی نے ٹکٹ ہولڈر این اے 148 بیرسٹر ملک تیمور الطاف مہے کے ہمراہ جھوک کھیڑا میں سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے۔۔۔
زین حسین قریشی اور بیرسٹر ملک تیمور الطاف نے کہا کہ ملک میں ہنگامی بنیادوں پر ڈیموں کی تعمیر وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے تاکہ ہر سال آنے والی سیلابی تباہ کاریوں سے بچا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سیلاب سے بچاؤ کے لیے تاحال کوئی مؤثر حکمت عملی نہیں اپنائی جس کے باعث ہر سال انسانی جانیں، مویشی اور قیمتی اثاثے پانی کی نذر ہو جاتے ہیں۔مقررین نے کہا کہ کسانوں کی کھڑی فصلیں اور زرخیز زمینیں مسلسل نقصان کی زد میں ہیں، متاثرہ خاندان معمولات زندگی بحال کرنے میں مشکلات کا شکار ہیں۔ لاکھوں خاندانوں کو مالی اور خوراکی امداد کی ضرورت ہے ۔ زین قریشی نے کہا کہ بیرسٹر ملک تیمور اور ان کی ٹیم دن رات متاثرین کی امداد و بحالی میں مصروف ہیں، میں ان کے جذبے کو سلام پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں میں بحالی کے اقدامات تیز کیے جائیں۔اس موقع پر ایڈووکیٹ رانا مدثر،سید زین گیلانی، معاذ قریشی و دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔