ویمن یونیورسٹی طالبات کی کردارسازی میں سرگرم،ڈاکٹر کلثوم

ویمن یونیورسٹی طالبات کی کردارسازی میں سرگرم،ڈاکٹر کلثوم

نئی طالبات کیلئے استقبالیہ تقریب، تعلیمی ماحول، سہولیات، سکالر شپس سے آگاہی

ملتان (خصوصی رپورٹر)ویمن یونیورسٹی ملتان میں تعلیمی سال 2025کی نئی طالبات کے استقبال کے لئے ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق یہ تقریب ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے زیر اہتمام منعقد ہوئی، جس کا مقصد نئی طالبات کو یونیورسٹی کے تعلیمی ماحول، ثقافت، سہولیات اور سکالرشپس سے آگاہ کرنا تھا۔ تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ تھیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ ویمن یونیورسٹی ملتان خواتین کو تعلیم یافتہ اور بااختیار بنانے کے مشن پر گامزن ہے تاکہ وہ معاشرے میں فعال کردار ادا کر سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی طالبات کی کردار سازی، خود اعتمادی اور تعلیمی کامیابی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کر رہی ہے۔ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے طالبات پر زور دیا کہ وہ لگن، دیانت داری اور تخلیقی صلاحیتوں کے ساتھ تعلیم حاصل کریں کیونکہ تعلیم ہی بااختیاری اور سماجی ترقی کی کنجی ہے۔ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید نے طالبات کو یونیورسٹی کے قوانین، معاونتی نظام اور غیر نصابی سرگرمیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کا شعبہ طالبات اور انتظامیہ کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتا ہے ۔ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر رائمہ نذر نے کہا کہ ویمن یونیورسٹی نہ صرف تعلیم بلکہ کھیل، ثقافت اور قیادت کے مواقع فراہم کرنے میں بھی نمایاں ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں