561ای بی میں غیر قانونی تیل ایجنسیاں دوبارہ سرگرم
ایجنسیاں رہائشی علاقوں کے اندر بغیر این او سی کے چل رہی ہیں:مکین
وہاڑی (خبرنگار) نواحی گاؤں 561 ای بی میں ایک بار پھر غیر قانونی تیل ایجنسیوں اور منی پٹرول پمپس کی بھرمار ہو گئی ہے ۔ علاقہ مکینوں کے مطابق کچھ عرصہ قبل انتظامیہ نے ایسے غیر منظور شدہ اور خطرناک کاروبار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے انہیں مکمل طور پر ختم کر دیا تھا، تاہم مبینہ طور پر سول ڈیفنس عملہ کی ملی بھگت اور عدم توجہی کے باعث یہ کاروبار دوبارہ شروع ہوگئے ہیں اور ان کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ شہریوں نے الزام لگایا کہ یہ ایجنسیاں رہائشی علاقوں کے اندر بغیر این او سی کے چل رہی ہیں، جہاں معمولی چنگاری بھی کسی بڑے سانحہ کا سبب بن سکتی ہے ۔اہل علاقہ تنویر، اکرم، مبین، مقبول، ہارون اور احمد سمیت دیگر نے کہا کہ متعدد بار متعلقہ محکموں کو آگاہ کیا گیا مگر کارروائی نہیں ہوئی، جس سے شبہ ہوتا ہے کہ نگران عملہ خود اس سرگرمی سے فائدہ اٹھا رہا ہے ۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، کمشنر ملتان اور ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے فوری نوٹس لینے ، ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف انکوائری اور غیر قانونی ایجنسیوں کا مکمل خاتمہ یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔