شہر پر تجاوزات مافیا کا قبضہ ،ٹریفک نظام متاثر
نشترروڈسمیت اہم شاہراہوں پر ریڑھی بانوں،ٹھیلے والے ، دکانداروں نے قبضہ جما رکھا، فٹ پاتھ پر چلنا بھی محالشہری گھنٹوں سڑکوں پر پھنسے رہتے ،انتظامیہ سب اچھا کی رپورٹ بھجوادیتی،پیرافورس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان
ملتان (لیڈی رپورٹر) نشترروڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر قبضہ مافیا کا راج ، انتظامیہ بے بسی کی تصویر بن گئی ۔سڑک کے دونوں اطراف ریڑھی بانوں، ٹھیلے والوں اور دکانداروں نے فٹ پاتھ اور سڑک کے حصے پر قبضہ جما رکھا ہے ، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔نشتر ہسپتال سے منسلک ہونے کے باعث یہ روڈ نہایت اہمیت کا حامل ہے ، مگر تجاوزات کے باعث یہاں سے گزرنا شہریوں کیلئے عذاب بن چکا ہے ۔ ہسپتال آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین کو گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہنا پڑتا ہے ۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے وقفے وقفے سے تجاوزات کیخلاف کارروائیاں تو کی جاتی ہیں، مگر یہ کارروائیاں صرف وقتی ثابت ہوتی ہیں۔ کارروائی کے اگلے ہی دن تجاوزات دوبارہ اپنی جگہ قائم نظر آتی ہیں شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے صرف کاغذی کارروائی تک محدود ہیں۔ پیرا فورس اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی سوالیہ نشان بن چکی ہے ۔عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ نشترروڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں کوکلیئر کرانے کے مستقل بنیادوں پر اقدامات کئے جائیںتاکہ ٹریفک کا نظام بہتر ہو اور مریضوں کو تکلیف سے نجات مل سکے ۔