عبدالحکیم بوائز ڈگری کالج روڈ عرصہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار
کالج گیٹ سے لیکر سٹیڈیم روڈ تک جگہ جگہ گڑھے ،سڑک کنارے گندگی کے ڈھیر
عبدالحکیم (نامہ نگار، سٹی رپورٹر )عبدالحکیم بوائز ڈگری کالج روڈ عرصہ دراز سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ،کالج گیٹ سے لے کر سٹیڈیم روڈ تک جگہ جگہ گڑھے پڑے ہوئے ہیں، بارشوں کے بعد سڑک کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے جس سے طلبہ، شہریوں اور گاڑی سواروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ صفائی کی صورتحال بھی انتہائی خراب ہے ، سڑک کے کنارے کوڑا کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جبکہ بلدیہ کی جانب سے صفائی کا کوئی موثر انتظام نظر نہیں آتا۔ ستھرا پنجاب پروگرام صرف کاغذی کارروائی تک محدود دکھائی دیتا ہے ، عملی طور پر کوئی بہتری نہیں آئی۔شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر بلدیات سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ان کا کہنا کی سڑکوں اور صفائی کے نظام کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا گیا ہے ۔طلبہ و اساتذہ نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ کالج روڈ سے سٹیڈیم روڈ تک فوری طور پر نئی کارپٹ سڑک تعمیر کی جائے اور صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے تاکہ تعلیمی ادارے کے اردگرد صاف ستھرا اور محفوظ ماحول قائم ہو سکے ۔