سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل تیز کرنیکا حکم

سیلاب  متاثرین کی بحالی کا عمل تیز کرنیکا حکم

96ہزار سے زائد متاثرین کے نقصانات کا تفصیلی سروے ،23ہزار افراد کو مالی امداد کی ترسیل مکمل،ضلع بھر میں 3امدادی سنٹرز قائم، متاثرین کو تمام سہولیات فراہم کرنیکا ٹاسکامداد بینک آف پنجاب کے خودکار نظام کے تحت دی جارہی، شفافیت ،درستگی کو برقرار رکھا جائیگا، ریلیف کے اقدامات سے شہریوں کی حالت بہتر ہوئی، ڈپٹی کمشنر وسیم سندھو کا دورہ

ملتان (وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر) ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ متاثرہ خاندانوں کو جلد از جلد مالی امداد فراہم کی جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے قائم کیمپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے امدادی سرگرمیوں اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے متاثرین سیلاب سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور موقع پر ہی متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ کسی بھی متاثرہ شخص کو امداد کے حصول میں دشواری پیش نہ آئے ۔ انہوں نے امدادی کاؤنٹرز اور ٹوکن سسٹم کی انسپکشن بھی کی تاکہ شفافیت اور رفتار کو یقینی بنایا جا سکے ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے بتایا کہ سیلاب بحالی کیمپس میں اب تک 23ہزار سے زائد متاثرہ افراد کو مالی امداد فراہم کی جا چکی ہے ، جبکہ 96 ہزار سے زائد افراد کے نقصانات کا تفصیلی سروے مکمل کیا گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ضلع ملتان میں ریکارڈ مدت میں سروے مکمل کرکے امداد کا سلسلہ شروع کیا گیا، جس سے متاثرین کو ریلیف پہنچانے میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔انہوں نے مزید بتایا کہ ضلع بھر میں تین امدادی سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جہاں متاثرہ افراد کو تمام تر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ امداد کی تقسیم کا عمل بینک آف پنجاب کے خودکار نظام کے تحت جاری ہے تاکہ شفافیت اور درستگی کو برقرار رکھا جا سکے ۔علاوہ ازیں وسیم حامد سندھو نے گورنمنٹ نصرت الاسلام گرلز ہائی سکول کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعلیمی سرگرمیوں، اساتذہ کی کارکردگی اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مختلف کلاسز کا معائنہ کیا، طالبات سے تعلیمی معیار کے بارے میں گفتگو کی اور ان کے مسائل دریافت کئے ۔ انہوں نے اساتذہ کو ہدایت کی کہ تدریسی عمل میں مزید بہتری لائی جائے اور نصاب کی تدریس کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ بنایا جائے ۔ڈی سی وسیم حامد سندھو نے کلاسز اور ابتدائی جماعتوں کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ننھی طالبات سے بات چیت کی اور ان کے تعلیمی رجحان کو سراہا۔ انہوں نے بچوں کے کام کا معائنہ کیا اور تدریسی عمل میں دلچسپی لینے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں