کچے میں ٹارگٹڈ آپریشن:3ماہ میں18ڈاکو ہلاک،48گرفتار
آپریشن کو موثر بنانے کے لیے اے پی سیز، اسلحہ و ڈرون کی خریداری کیلئے سوا ارب کی سمری منظوراسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی گئی،اے آئی جی جنوبی پنجاب کامران خان ، دنیا سے گفتگو
ملتان(نعمان خان بابر سے )کچے کے علاقے میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ،مظفرگڑھ، راجن پور اور رحیم یار خان سے اسلحے کی بڑی کھیپ پکڑی گئی ۔ایندر، لونڈ ، سیکھانی اور دلانی سمیت مختلف گینگز کے آٹھارہ ڈاکو ہلاک ، اڑھتالیس گرفتار ۔ آپریشن کو موثر بنانے کے لیے اے پی سیز، اسلحہ اور ڈرون کی خریداری کے لیے سوا ارب روپے کی سمری منظور ،جنوبی پنجاب سے دو ہزار افغانیوں کو ڈی پورٹ کیا۔ بروقت کاروائیوں سے سینکڑوں افراد کو ہنی ٹریپ سے بچایا ۔موجودہ صورتحال میں شہریوں کو بھی الرٹ رہنے کی ضرورت ،سیف سٹی کو تحصیل لیول پر بھی جلد شروع کرنے کی حکمت عملی تیار ،کرائم کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی ۔ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان کی روز نامہ دنیا سے گفتگو ۔تفصیل کے مطابق کچے کے علاقے میں سیلاب کے بعد موجودہ صورتحال میں کماد کی فصل کے باعث آپریشن کے حوالے سے مشکلات درپیش ہیں اور اس لیے پولیس نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن (آئی بی او) شروع کر دیا ہے ، تین ماہ میں ایندر ،لو نڈ ،سیکھانی اور دلانی گینگز کے اٹھارہ ڈاکوؤں کو ہلاک جبکہ مختلف کامیاب آپریشن سے آڑھتالیس ڈاکوؤں کو گرفتار بھی کیا گیا ہے ۔اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب کامران خان نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ کچے کے علاقے میں آپریشن کو مزید موثر بنانے کے لیے چین والی اے پیسز خرید رہے ہیں جس کے لیے سوا ارب روپے حکومت نے منظور کر دئیے ہیں اور جلد ہی اے پی سیز کے ساتھ ساتھ بلٹ پروف گاڑیاں اور اٹیک کرنے والے ڈرون بھی خرید لیں گے ۔کامران خان نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پولیس نے دو ہزار افغانیوں کو ڈی پورٹ کیا ہے جس کی وجہ سے کسی حدتک سیکورٹی تھرٹ ہیں ،اس لیے شہری بھی ملکی حالات کے پیش نظر الرٹ رہیں اور متعلقہ اداروں سے تعاون کریں ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان میں سیف سٹی منصوبہ فعال کر دیا گیا ہے جس سے ٹریفک مینجمنٹ کے ساتھ ساتھ کرائم کو کنٹرول کرنے میں بھی کافی حد تک مدد مل رہی ہے ، سیف سٹی منصوبے کو جلد تحصیل لیول پر بھی شروع کرنے کیلئے حکمت عملی تیار کرلی ہے ۔