ملاوٹی ڈیری کریم بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی

ملاوٹی ڈیری کریم بنانے والی فیکٹری پکڑی گئی

1320 کلو ملاوٹی کریم تلف، فیکٹری مالک کے خلاف مقدمہ درج

ملتان (لیڈی رپورٹر)دہلی گیٹ موسیٰ پاک میں ایک آئس فیکٹری میں ملاوٹی ڈیری کریم تیار کرنے کا دھندہ پکڑا گیا۔ ڈائریکٹر آپریشنز ساؤتھ کی قیادت میں فوڈ سیفٹی ٹیموں نے فیکٹری کا اچانک دورہ کیا اور 1320 کلوگرام کریم کو تلف کر دیا۔ فیکٹری مالک کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ٹیم نے فیکٹری میں تیار کی گئی ڈیری کریم کے سیمپلز ٹیسٹ کیلئے حاصل کئے تو وہ مضر صحت اجزاء سے تیار پائے گئے ۔ فوری کارروائی کرتے ہوئے سینکڑوں کلوگرام کریم تلف کی گئی اور فیکٹری مالک کیخلاف ایف آئی آر درج کر دی گئی۔

اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ شہریوں تک معیاری اور محفوظ خوراک پہنچانے کیلئے ٹیمیں دن رات فیلڈ میں سرگرم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خوراک کا کاروبار صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قوانین کی مکمل پاسداری کے ساتھ ہی کیا جا سکتا ہے ، اور ملاوٹ کیخلاف سخت اقدامات کئے جائیں گے ۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں کو بھی آگاہ کیا کہ کسی بھی غیر معیاری یا مشکوک خوراک کی اطلاع فوری طور پر فوڈ اتھارٹی کو دی جائے تاکہ عوام کی صحت کو خطرات سے بچایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں