صنفی تشدد کی روک تھام کیلئے ورکشاپ کا انعقاد
اداروں میں رابطہ کاری کمی مسئلہ، بہتر تربیت کی ضرورت،شرکاء
ملتان (لیڈی رپورٹر)ریوٹس لرننگ اور سنگی ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام صنفی تشدد کی روک تھام کیلئے ورکشاپ منعقد کی گئی، جس میں متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ورکشاپ میں یونائٹڈ نیشن ڈویلپمنٹ پروگرام، پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی، نیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس، نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف وومن، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، ہیومن رائٹس اینڈ مینارٹی افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب، پنجاب پولیس، پروسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ، وائلینس اگینسٹ وومن مراکز، یونیورسٹیوں و کالجز کے اساتذہ، وکلاء اور سول سوسائٹی کے ارکان شریک تھے۔
ورکشاپ میں ریوٹس لرننگ کی جانب سے پنجاب میں صنفی تشدد سے متعلق کام کرنے والے اداروں کے اختیارات، درپیش چیلنجز اور عملی مشکلات پر مبنی تحقیقی مقالہ پیش کیا گیا۔ مقالے میں اداروں کے درمیان رابطہ کاری کی کمی، تربیت کی ضرورت اور سہولیات کے فقدان کو اہم مسائل کے طور پر اجاگر کیا گیا۔بعد ازاں شرکاء نے مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی کے فقدان، تربیتی نظام کی بہتری اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سفارشات مرتب کیں۔ سفارشات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ انٹی ریپ کرائسس سیل اور وومن پروٹیکشن سیل کو مزید مضبوط اور وسیع بنیادوں پر فعال کیا جائے تاکہ متاثرہ خواتین کو بروقت اور مؤثر مدد فراہم ہوسکے ۔