ملتان کے نئے ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے چارج سنبھال لیا

ملتان کے نئے ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق نے چارج سنبھال لیا

ڈی ایچ کیو کا دورہ ، ایمرجنسی، گائنی وارڈ، سٹور کا جائزہ، مریضوں سے ملاقات

ملتان (وقائع نگار خصوصی)ضلع ملتان کے نئے ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے اپنے عہدے کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔ عہدہ سنبھالتے ہی انہوں نے ضلعی محکموں کی کارکردگی کا پہلا تفصیلی جائزہ اجلاس منعقد کیا، جس میں مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر کو ترقیاتی منصوبوں، بیوٹیفکیشن، انفراسٹرکچر میں بہتری اور جاری عوامی فلاحی سکیموں پر بریفنگ دی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ملتان محمد نعمان صدیق نے عہدہ سنبھالتے ہی متحرک انداز میں سرکاری امور کا آغاز کردیا۔

چارج سنبھالنے کے فوری بعد ہفتہ وار تعطیل کے روز انہوں نے اچانک ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی، گائنی وارڈز، ادویات کے سٹور اور دیگر وارڈز کا وزٹ کیا۔ انہوں نے مریضوں سے ملاقات کرکے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے کے بارے میں براہ راست پوچھ گچھ کی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ثوبان ضیاء نے ڈپٹی کمشنر کو ہسپتال میں دستیاب سہولیات، آلات، طبی عملے کی ڈیوٹیز اور جاری بہتری کے اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں