پنجاب کے 126سرکاری کالجز آؤٹ سورس کرنیکا فیصلہ
اساتذہ میں تشویش، پی پی ایل اے اور ماہرین نے شدید ردعمل ظاہر کردیا
ملتان (خصوصی رپورٹر)پنجاب کے 126 سرکاری کالجز کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا اور اس سلسلے میں ابتدائی فہرستیں تیار کرلی گئی ہیں۔ تفصیل کے مطابق سکولوں کے بعد اب کالجز کی نجکاری کی تیاریاں بھی مکمل ہو رہی ہیں۔ 50 جنرل کیڈر اور 76 کامرس ونگ کے کالجز کی آؤٹ سورسنگ کے لئے نشاندہی کرلی گئی ہے جبکہ معاملہ حتمی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے ۔ایچ ای ڈی ذرائع کے مطابق وزیر تعلیم کی سربراہی میں ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی ٹیم اس منصوبے کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے مختلف پہلوؤں پر غور کیا جا رہا ہے ، جن میں اساتذہ تنظیموں کی متوقع مزاحمت اور مختلف گروپس کی ممکنہ حکمت عملی بھی شامل ہے۔
انتظامیہ اس امر سے آگاہ ہے کہ اس فیصلے کے خلاف اساتذہ برادری سخت مؤقف اختیار کر سکتی ہے ، اسی لئے پالیسی ساز احتیاط کے ساتھ پیش قدمی کر رہے ہیں۔اس اطلاع کے بعد اساتذہ میں شدید تشویش پائی جا رہی ہے جبکہ پی پی ایل اے بھی دباؤ اور بے یقینی کا شکار دکھائی دیتی ہے ۔ اساتذہ رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اگر اس منصوبے کے خلاف بروقت اور مؤثر مزاحمت نہ کی گئی تو سرکاری کالجز کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 50 جنرل کالجز کی ابتدائی فہرست تیار ہوچکی ہے۔