سکولوں میں جعلی انرولمنٹ ، آج سے چھاپہ مارکارروائیوں کا آغاز
ہائی ،ہائر سکینڈری سکولوں میں ٹیمیں آج سے تفصیلی دورہ کریں گی،مجموعی کارکردگی،ریکارڈ،انتظامی امور کا جائزہ،جعلی انرولمنٹ پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی
ملتان (خصوصی رپورٹر )سکولوں میں جعلی انرولمنٹ کی چیکنگ کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل ، آج سے دورے شروع ہوں گے تفصیل کے مطابق محکمہ سکولز نے سکولوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جاری مراسلے میں تمام ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے سربراہان (مرد و خواتین) کو مطلع کیا گیا ہے کہ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی خصوصی ٹیمیں 8 دسمبر سے 12 دسمبر 2025 تک صوبے کے تمام سرکاری سکولوں کا تفصیلی دورہ کریں گی یہ ٹیمیں سکولوں کی مجموعی کارکردگی، ریکارڈ اور انتظامی امور کا ہر پہلو سے جائزہ لیں گی جبکہ ان کی خصوصی توجہ جعلی انرولمنٹ کی روک تھام پر مرکوز ہوگی۔
اتھارٹی اس بارے میں پہلے ہی تمام سربراہان کو سرکاری واٹس ایپ گروپس کے ذریعے الرٹ جاری کر چکی ہے نئی ہدایات کے مطابق تمام ہیڈز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے سکولوں کو مکمل طور پر ایس او پیز کے مطابق رکھیں اور انرولمنٹ سے متعلق ہر ریکارڈ کی درستگی یقینی بنائیں، خاص طور پر سس پر موجود ڈیٹا، حاضری کے رجسٹر اور طلبہ کی حقیقی سروں کی گنتی میں مکمل مطابقت موجود ہونی چاہیے مزید کہا گیا ہے کہ کسی بھی بے ضابطگی یا جعلی انرولمنٹ کی صورت میں تمام تر ذمہ داری متعلقہ سکول کے سربراہ پر عائد ہوگی اور خلاف ورزی کی صورت میں پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔