وہاڑی :شہریوں کیلئے موبائل وین سے لائسنس بنانے کا آغاز
وین بازاروں اور چوراہوں میں لائسنس بنا رہی ہے ، شہریوں کا خیرمقدم
وہاڑی (خبرنگار) شہریوں کی سہولت کے لیے ٹریفک پولیس وہاڑی نے موبائل وین کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے ۔ موبائل وین شہر کے مختلف بازاروں اور چوراہوں میں پہنچ کر شہریوں کو لائسنس فراہم کر رہی ہے ، جس سے دفتر کے چکر لگانے اور طویل انتظار کی مشکلات ختم ہو گئی ہیں۔ ٹریفک پولیس کے مطابق اس اقدام کا مقصد عوام کو دہلیز پر سہولت دینا اور زیادہ سے زیادہ شہریوں کو قانونی ڈرائیونگ لائسنس حاصل کروانا ہے ۔ شہریوں نے اس اقدام کو حکومتِ پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کا تسلسل قرار دیا اور کہا کہ لائسنس اور ہیلمٹ کا استعمال نہ صرف قانون کی پاسداری ہے بلکہ اپنی حفاظت کے لیے بھی ضروری ہے ۔ عوامی حلقوں نے امید ظاہر کی کہ موبائل وین کے ذریعے ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی سے ٹریفک قوانین کی آگاہی اور عمل درآمد میں مزید بہتری آئے گی۔