پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنیوالے اشتہاریوں کیخلاف مقدمہ
دو بھائی اقراری بولا،فیاضی بولا ،جاویدی عابی نامزد ، تین دیگر حملہ آور بھی شامل
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)سی سی ڈی ٹیم پر اشتہاریوں کی فائرنگ کے واقعہ پر انسداد دہشت گردی ایکٹ اور اقدام قتل و دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج ۔ مقدمہ سی سی ڈی سرکل انچارج کوٹ ادو سب انسپکٹر عبدالغفار خان کی مدعیت میں تھانہ سی سی ڈی ضلع لیہ میں درج کیا گیا، جس میں دو بھائی اقرار حسین عرف اقراری بولا، فیاض حسین عرف فیاضی بولا اور اشتہاری محمد جاوید عرف جاویدی عابی کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ تین دیگر حملہ آور بھی ایف آئی آر میں شامل ہیں۔یاد رہے کہ ضلع لیہ کے علاقہ پہاڑپور میں اشتہاری اقراری بولا اور فیاضی بولا اشتہاری محمد جاوید عرف جاویدی عابی کے گھر میں پناہ لیے ہوئے تھے۔
اطلاع پر سی سی ڈی پولیس نے جاویدی عابی کے مسکن پر چھاپہ مارا تو ملزموں نے پولیس ٹیم پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس سے سی سی ڈی سرکل کوٹ ادو کے انسپکٹر نواز خان لنڈ سمیت متعدد اہلکار زخمی ہو گئے ۔انسپکٹر نواز خان لنڈ کو نشتر ہسپتال ملتان ریفر کرکے ان کا کامیاب آپریشن کر دیا گیا جبکہ دیگر زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے ۔پولیس حکام کے مطابق دہشت گرد گروہ کے سہولت کاروں کی نشاندہی کر لی گئی ہے جن کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ فرار اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن بھی جاری ہے ۔