انسدا پولیو مہم، وہاڑی میں 99 فیصد اہداف حاصل ہوگئے
ڈی سی کا اجلاس، گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی پر بھاری جرمانوں کی ہدایت
وہاڑی (خبرنگار ،نمائندہ خصوصی)ڈپٹی کمشنر وہاڑی کی زیر صدارت مختلف اہم اجلاس منعقد ہوئے جن میں انسداد پولیو مہم، پرائس کنٹرول، ریونیو امور و پلس پراجیکٹ اور اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے تعین کا جائزہ لیا گیا، انسداد پولیو مہم کے اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فہد وحید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چار روزہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران 6 لاکھ 41 ہزار 220 بچوں کا ہدف مقرر تھا جس میں سے 6 لاکھ 36 ہزار بچوں کو قطرے پلا کر 99 فیصد اہداف حاصل کیے گئے ۔
، ڈپٹی کمشنر نے سردی کے باوجود بہترین کارکردگی پر پولیو ٹیموں، اسسٹنٹ کمشنرز، ہیلتھ افسران اور الائیڈ ڈیپارٹمنٹس کی خدمات کو سراہتے ہوئے شاباش دی جبکہ ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر حسان احمد نے بھی مہم پر اطمینان کا اظہار کیا، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے اجلاس میں ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ ناقص کارکردگی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت کے مطابق عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء خوردونوش کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، انہوں نے فیلڈ میں زیادہ انسپکشنز، گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی پر بھاری جرمانوں، مقدمات اور گرفتاریوں کے احکامات جاری کیے ، ریونیو افسران اور پلس پراجیکٹ کے اجلاس میں زیر التواء پارٹیشنز، میوٹیشنز، اغلاط ناموں اور نوٹیفائیڈ موضع جات کا جائزہ لیتے ہوئے سروس ڈیلیوری بہتر بنانے ، دفاتر میں بروقت حاضری، بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرنس اور پلس پراجیکٹ کے اہداف 15 دن میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔