تنخواہیں نہ ملنے پر میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکرز کا احتجاج

تنخواہیں نہ ملنے پر میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکرز کا احتجاج

گھروں میں فاقے ، زندگی اجیرن، کرسمس سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کا مطالبہ

محسن وال (نامہ نگار)میاں چنوں میں میونسپل کمیٹی کے سینٹری ورکرز نے تنخواہیں نہ ملنے پر ٹی چوک میں شدید احتجاج کیا۔ احتجاجی ملازمین کا کہنا تھا کہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ان کے گھروں میں فاقوں کی نوبت آ چکی ہے اور بجلی و گیس کے بل ادا کرنا بھی ممکن نہیں رہا۔احتجاج میں شامل ملازمین نے کہا کہ کرسمس ڈے میں صرف دو تین دن باقی رہ گئے ہیں مگر تنخواہیں نہ ملنے کے باعث وہ اپنے بچوں کے لیے نئے کپڑے اور دیگر ضروریات پوری کرنے سے قاصر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں محدود آمدن اور تنخواہوں کی بندش نے ان کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔

سینٹری ورکرز نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اور میونسپل کمیٹی میاں چنوں کے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنائیں۔ مظاہرین نے کہا کہ صفائی جیسے اہم شعبے سے وابستہ ہونے کے باوجود انہیں مسلسل نظرانداز کیا جا رہا ہے ۔احتجاجی ملازمین نے اعلان کیا کہ اگر کرسمس سے قبل تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو وہ کرسمس ڈے بھی میونسپل کمیٹی میاں چنوں میں ہی احتجاج کے ساتھ منائیں گے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں