ریونیو اورپیرا فورس کاآپریشن،528 ملین کی اراضی واگزار
سرکاری اراضی پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا،ڈی سی کوٹ ادو
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)کوٹ ادو میں سرکاری اراضی پر قبضے کے خلاف ضلعی انتظامیہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک ہزار سے زائد کنال قیمتی سرکاری زمین واگزار کرا لی۔ ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو بلال سلیم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو میر رومان خلیل کی سربراہی میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) فورس اور ریونیو فیلڈ سٹاف کے ہمراہ انسداد تجاوزات آپریشن کیا گیا۔تفصیل کے مطابق ایس ڈی ای او پیرا محمد اقبال لانگ کی نگرانی میں چک نمبر 527 ٹی ڈی اے میں کارروائی عمل میں لائی گئی۔ آپریشن تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے مرحلہ وار مکمل کیا گیا جس کے دوران مجموعی طور پر 1056 کنال سرکاری اراضی قابضین سے واگزار کرائی گئی۔
واگزار کرائی گئی زمین کی تخمینہ شدہ مارکیٹ ویلیو 528 ملین روپے بتائی گئی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بلال سلیم نے کہا کہ سرکاری اراضی پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ قبضہ مافیا کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ سرکاری اراضی کے تحفظ کے لیے نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ دوبارہ تجاوزات کی روک تھام یقینی بنائی جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ سرکاری زمین کے تحفظ میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور کسی بھی غیر قانونی قبضے کی فوری اطلاع دیں۔ ضلعی انتظامیہ کارروائیاں جاری رکھے گی۔