جعلی کوریئر کالز، شہری آن لائن فراڈیوں کے نشانے پر

جعلی کوریئر کالز، شہری آن لائن فراڈیوں کے نشانے پر

پارسل کے نام پر کوڈ مانگ کر واٹس ایپ ہائیک کرنے کی کوشش

وہاڑی (نمائندہ خصوصی)موبائل فون استعمال کرنے والے شہری مبینہ طور پر جعلی معلومات فراہم کر کے آن لائن فراڈیوں اور ہائیکرز کے نشانے پر آ گئے ہیں جس کے باعث شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ لوگ ایک دوسرے کو مشکوک کالز اور پیغامات سے محتاط رہنے کے مشورے دے رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق مختلف مقامات سے خود کو کوریئر کمپنی کا نمائندہ ظاہر کرنے والے مبینہ فراڈی شہریوں کو فون کالز اور پیغامات کے ذریعے دھوکا دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ متاثرہ شہری میاں وقار احمد نے بتایا کہ انہیں دو مختلف نمبرز سے فون کالز موصول ہوئیں جن میں پارسل کی تصدیق کیلئے چار ہندسوں پر مشتمل کوڈ مانگا گیا۔ 

وقار احمد کے مطابق مبینہ کالر مسلسل کوڈ بتانے پر اصرار کرتا رہا، تاہم بروقت آگاہی پر انہوں نے کوڈ فراہم کرنے سے انکار کر دیا۔ بعد ازاں سائبر سکیورٹی ماہرین نے بتایا کہ اس طریقہ واردات سے واٹس ایپ اکاؤنٹ مکمل طور پر ہائیک ہو سکتا ہے اور ذاتی ڈیٹا کے ذریعے بلیک میلنگ کی جاتی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ ادارے سائبر فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کریں تاکہ عوام کو تحفظ فراہم کیا جا سکے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں