لیپ ٹاپ سکیم، ویمن یونیورسٹی کی 710طالبات مستفید

 لیپ ٹاپ سکیم، ویمن یونیورسٹی کی 710طالبات مستفید

منصوبہ انتہائی شفاف تقسیم، خوش اسلوبی سے مکمل کیا گیا ، یونیورسٹی حکام

ملتان (خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت ویمن یونیورسٹی ملتان کی 710 طالبات کو لیپ ٹاپ فراہم کر دیئے گئے ۔ ترجمان کے مطابق یہ لیپ ٹاپس یونیورسٹی کی نمایاں تعلیمی کارکردگی دکھانے والی طالبات کو ان کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں دیئے گئے ۔اس سلسلے میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام لیپ ٹاپ سکیم کی فوکل پرسن ڈاکٹر مدیحہ اکرم نے کیا۔ لیپ ٹاپ تقسیم کا عمل منظم، شفاف اور خوش اسلوبی کے ساتھ مکمل کیا گیا۔اس موقع پر وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر کلثوم پراچہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ لیپ ٹاپ سکیم طلبہ کو جدید تعلیمی اور تحقیقی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا قابلِ تحسین اقدام ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے لیس طالبات مستقبل میں علمی، تحقیقی اور معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکتی ہیں۔ یہ سکیم مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر مبنی ہے ۔ڈاکٹر مدیحہ اکرم نے کہا کہ یہ سکیم اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لئے ایک انقلابی قدم ہے ۔ انہوں نے طالبات کو ہدایت کی کہ وہ لیپ ٹاپس کو تعلیمی، تحقیقی اور ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ کے لئے مثبت انداز میں استعمال کریں۔طالبات نے کہا کہ یہ لیپ ٹاپس ان کی پڑھائی، تحقیق، آن لائن تعلیمی وسائل تک رسائی اور جدید مہارتوں کے حصول میں نمایاں مددگار ثابت ہوں گے ۔ لیپ ٹاپ تقسیم کے مؤثر انعقاد سے یونیورسٹی کی تعلیمی برتری، طلبہ کی فلاح اور ٹیکنالوجی پر مبنی تعلیم کے فروغ کے عزم کا واضح اظہار ہوتا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں