خصوصی افراد میں ہیلمٹ تقسیم
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار)پولیس خدمت مرکز اور روشن راہیں آرگنائزیشن کے اشتراک سے معذور موٹرسائیکل سوار افراد میں حفاظتی ہیلمٹ تقسیم کرنے کی ایک عوام دوست تقریب ہوئی۔۔
جس میں ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر مظہر الاسلام، انچارج پولیس خدمت مرکز سمرا خالد، چیئرپرسن روشن راہیں آرگنائزیشن بسم اللہ ارم سمیت دیگر ٹریفک افسروں اور معذور افراد نے شرکت کی۔تقریب کے دوران معذور موٹر سائیکل سوار افراد میں ہیلمٹ تقسیم کئے گئے ۔ ڈی ٹی او مظہر الاسلام نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق ڈی پی او کی قیادت میں ضلع بھر میں ٹریفک نظام کو جدید، محفوظ اور عوام دوست بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور حادثات میں کمی حکومت پنجاب کی پہلی ترجیحات میں شامل ہیں۔انچارج پولیس خدمت مرکز سمرا خالد نے کہا کہ ڈی پی او اسماعیل کھاڑک کی خصوصی ہدایات کے تحت عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور معذور افراد بھی معاشرے کا اہم حصہ ہیں، اسی لیے ان کے لیے ہیلمٹ کا استعمال نہایت ضروری ہے ۔چیئرپرسن روشن راہیں آرگنائزیشن بسم اللہ ارم نے کہا کہ یہ تقریب معذور افراد کے تحفظ اور ٹریفک آگاہی کے فروغ کے لیے مثبت اقدام ہے ۔