بیمار جانوروں کے مضر صحت گوشت کی فروخت عروج پر
محکمہ لائیوسٹاک کی خاموشی، شہری مختلف بیماریوں کا شکار،نوٹس کا مطالبہ
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) شہر اور گردونواح میں بیمار اور لاغر جانوروں کے مضر صحت گوشت کی فروخت عروج پر پہنچ گئی ہے جبکہ محکمہ لائیوسٹاک کا عملہ خاموش تماشائی بنا ہوا ہے ۔ مضر صحت گوشت کے استعمال سے شہری مختلف بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں مگر ذمہ دار ادارے مؤثر کارروائی سے گریزاں ہیں۔تفصیلات کے مطابق قصابوں نے نواحی علاقوں اور زمینداروں کے ڈیروں سے بیمار اور کمزور جانور خریدنے کے لیے ایجنٹ مقرر کر رکھے ہیں جو سستے داموں جانور لا کر ذبح کرواتے ہیں۔ بعدازاں مضر صحت گوشت پر خودساختہ نیلی مہریں لگا کر اور دکانیں سجا کر اسے دھڑلے سے فروخت کیا جا رہا ہے ۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔