وہاڑی:مبینہ اخلاقی جرائم گینگ کا ایک اور طالبعلم شکار

وہاڑی:مبینہ اخلاقی جرائم گینگ کا ایک اور طالبعلم شکار

متاثرہ طالبعلم کی نازیبا ویڈیو پولیس کو موصول، کارروائی نہ ہونے پر تشویش

 وہاڑی(خبرنگار،نمائندہ خصوصی)نواحی علاقہ قصبہ کوٹ سادات میں مبینہ طور پر بد اخلاقی جرائم میں ملوث ایک گینگ کاشکار ایک اور طالب علم منظرِ عام پر آ گیا ،متاثرہ طالب علم کی نازیبا ویڈیو اور کارروائی کی درخواست متعلقہ پولیس کو موصول ہو چکی ہے تاہم تاحال عملی کارروائی نہ ہونے پر علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے ۔تفصیل کے مطابق قصبہ کوٹ سادات میں مبینہ طور پر قاسم بھٹی گینگ اخلاقی جرائم میں ملوث ہے مذکورہ گینگ کے حوالے سے جب سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہوئیں تو پولیس نے دسویں جماعت کے دو طالب علموں کے جنسی استحصال کے مقدمات درج کیے تاہم اس کے باوجود مبینہ گینگ ارکان کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔

ذرائع کے مطابق گینگ کی کارروائیوں کا شکار ایک اور طالب علم سامنے آ گیا ہے جس نے نازیبا ویڈیو سمیت تحریری درخواست متعلقہ پولیس کو جمع کروا دی مگر پولیس کی جانب سے مبینہ طور پر کارروائی سے گریز کیا جا رہا ہے ،متاثرہ فریق نے آئی جی پنجاب کے کمپلینٹ نمبر 1787 پر فریاد درج کرائی جس پر ڈی ایس پی صدر سرکل وہاڑی نے متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرا دی ہے ،تاہم شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی شفاف تحقیقات کر کے ملوث عناصر کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی کی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں