وہاڑی:مہنگائی بے قابو، پرائس کنٹرول مؤثر نہ ہو سکا
اشیائے خورونوش خود ساختہ نرخوں پر فروخت، شہریوں کا احتجاج
وہاڑی(خبرنگار،نمائندہ خصوصی)شہر و گرد و نواح میں روز مرہ کی اشیاء خورد و نوش، فروٹ، سبزیاں، چینی، گھی، گوشت اور دیگر ضروریات زندگی کے نرخ کنٹرول سے باہر ہیں جبکہ پیرا فورس اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اس جانب کوئی مؤثر اقدام نہیں کر رہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے باوجود پیرا فورس کی تشکیل اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو مقررہ نرخوں کے مطابق مارکیٹ کنٹرول کرنے کے اختیارات ہونے کے باوجود علاقے میں خود ساختہ مہنگائی کا جن قابو میں نہیں آ سکا۔ شہریوں کے مطابق روزانہ کی ضروری اشیاء کی قیمتیں مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ حکومت کی فراہم کردہ ریٹ لسٹ کے مطابق نہیں ہیں اور دکاندار اسے نمایاں لگانا بھی گوارا نہیں کرتے۔
بلکہ اپنے خود ساختہ نرخ لگا کر فروخت کر رہے ہیں۔ کئی ماہ گزر گئے ہیں لیکن کرمپور میں کسی پرائس کنٹرول مجسٹریٹ یا پیرا فورس نے مارکیٹ کا چیک یا وزٹ نہیں کیا اور عوامی نگرانی میں مکمل لاپرواہی اور کھلی چھٹی کا ماحول ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور عوام کے حق میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات یقینی بنائیں، تاکہ ضروری اشیاء کی دستیابی اور مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائی جا سکے ۔