قصبہ گجرات ،حضرت شیخ اسماعیل جنازہ گاہ خستہ حالی کا شکار

قصبہ گجرات ،حضرت شیخ اسماعیل جنازہ گاہ خستہ حالی کا شکار

دیواریں، فرش ٹوٹ چکا، صفائی اور متبادل وسیع جنازہ گاہ بنانے کا مطالبہ

قصبہ گجرات (نامہ نگار) قصبہ گجرات، ضلع کوٹ ادو کا ایک قدیمی اور گنجان آباد علاقہ ہے جہاں واحد جنازہ گاہ حضرت شیخ اسماعیل جنازہ گاہ شدید خستہ حالی کا شکار ہو چکی ہے ۔ جنازہ گاہ کی دیواریں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ فرش جگہ جگہ سے خراب ہے ، جس کے باعث شہریوں کو نمازِ جنازہ کی ادائیگی میں شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔اہلِ علاقہ کے مطابق جنازہ گاہ کے احاطے میں صفائی کا کوئی مناسب انتظام موجود نہیں، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے رہتے ہیں اور بدبو پھیلی رہتی ہے ۔ آوارہ جانوروں کی آزادانہ آمد و رفت معمول بن چکی ہے جس سے جنازہ گاہ کا تقدس متاثر ہو رہا ہے ۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ اسی احاطے میں بچوں کا کھیل کود بھی جاری رہتا ہے جو مذہبی اور سماجی اقدار کے منافی ہے۔

مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ اس سنگین مسئلے کی نشاندہی متعدد بار متعلقہ اداروں اور ضلعی انتظامیہ کو کروائی گئی، تاہم تاحال کوئی مؤثر اقدام نہیں اٹھایا گیا۔ اہلِ علاقہ میں اس صورتحال پر شدید تشویش پائی جاتی ہے اور غم و غصہ بڑھتا جا رہا ہے ۔علاقہ مکینوں ملک عبدالباسط میتلا، میاں کاشف وٹو، میاں انور سکھیرا اور چودھری ضیاء الرحمان نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ حضرت شیخ اسماعیل جنازہ گاہ کی فوری مرمت، مکمل صفائی اور باقاعدہ دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ بڑھتی آبادی کے پیشِ نظر کسی کھلی اور مناسب جگہ پر ایک بڑی اور جدید سہولیات سے آراستہ جنازہ گاہ کے قیام کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ شہریوں کو باعزت اور پرسکون ماحول میسر آ سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں