سردی کی شدت بڑھتے ہی مچھلی اور انڈے مہنگے ہوگئے

سردی کی شدت بڑھتے ہی  مچھلی اور انڈے مہنگے ہوگئے

ماچھیوال (نامہ نگار)سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی ماچھیوال اور گردونواح میں مختلف اقسام کی مچھلی اور دیسی انڈے کی مانگ میں تیزی سے اضافہ ہو گیا ہے۔

ماچھیوال اڈا 37 پھاٹک، ظہیر نگر اور پکھی موڑ سمیت دیگر علاقوں میں مچھلی کی قیمت میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 100 سے 300 روپے تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔رہو مچھلی کی فی کلو قیمت 650 سے 850 روپے تک پہنچ گئی ہے جبکہ شنگاری مچھلی 1000 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگی ہے ۔ اس کے علاوہ دیسی انڈے بھی 50 روپے فی انڈا جبکہ فارمی انڈے کریٹ کے حساب سے 850 روپے پر فروخت ہونے لگے ہیں۔شہریوں جن میں عابد، شکور، عالم شیر، وارث اور دیگر شامل ہیں۔، کا کہنا ہے کہ مچھلی اور انڈے سرکاری ریٹ لسٹ سے زائد قیمت پر فروخت ہو رہے ہیں، جس سے عام شہریوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی سے فوری نوٹس لینے اور ناجائز منافع خوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سردی میں مچھلی اور انڈے جیسی بنیادی غذائی اشیاء کی بڑھتی قیمتیں عوام کی قوت خرید متاثر کر رہی ہیں، اور انہیں توقع ہے کہ ضلعی انتظامیہ جلد ہی مناسب اقدامات کر کے منصفانہ قیمتوں کو یقینی بنائے گی تاکہ شہری بلاوجہ مہنگائی کے بوجھ تلے نہ آئیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں