فنڈز کی قلت ، واسا کی 5 سکیمیں نامکمل

 فنڈز کی قلت ، واسا کی 5 سکیمیں نامکمل

سکیموں کی تخمینہ لاگت 5ارب 76کروڑ 70لاکھ روپے لگائی گئی، چار ارب 28کروڑ روپے کی ادائیگی چونگی نمبر 9ڈسپوزل اسٹیشن کی اپ گریڈیشن، واٹرسپلائی سکیم،سیوریج لائن سپلائی کا کوئی منصوبہ تکمیل کو نہ پہنچ سکا

ملتان (جام بابر سے )ملتان میں ایک ارب روپے سے زائد فنڈز کی فراہمی میں تعطل کے باعث واسا کی پانچ سکیموں کو مکمل نہیں کیا جا سکا جس کی وجہ سے ادھوری سکیموں کے حوالے سے شہریوں اور تاجروں کی مشکلات تا حال برقرار ہیں جس کا متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے حکومت سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے تفصیلات کے مطابق ملتان میں حکومت نے واسا کی پانچ مختلف سکیموں کی تخمینہ لاگت 5ارب 76کروڑ 70لاکھ روپے لگائی جس کے لئے گزشتہ سال چار ارب اٹھائیس کروڑ روپے بھی جاری کئے گئے لیکن بقایافنڈز کی فراہمی میں تعطل کے با عث چونگی نمبر نو ڈسپوزل اسٹیشن کی اپ گریڈیشن، آؤٹ لفٹ، واٹر سپلائی کی سکیم اور سیوریج لائنوں کی سپلائی کا کوئی بھی منصوبہ تا حال مکمل نہیں ہو سکا۔

جس کی وجہ سے ادھورے منصوبوں کے حوالے سے شہریوں کی مشکلات تاحال برقرار ہیں ایم ڈی واسا کا موقف ہے کہ حکومت نے ادھورے منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے حوالے سے نو کروڑ پچاس لاکھ روپے کا فنڈ جاری کر دیا ہے جبکہ چھے نئی سکیموں کے لئے بھی چھبیس ارب روپے منظور کر لئے ہیں ۔جن کے ملتے ہی نئے منصوبوں پر بھی کام شروع کر دیں گے ۔نئی سکیموں میں ڈسپوزل اسٹیشن کی دو اور آؤٹ لفٹ کی بھی دو سکیمیں شامل ہیں تاہم موجودہ صورتحال میں پرانی سکیموں کے لئے تا حال ایک ارب بیالیس کروڑ ستر لاکھ روپے کا فنڈ درکار ہے جس کی وجہ سے رواں سال بھی ادھوری سکیمیں مکمل نہ ہونے کے امکانات زیادہ ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں