تیزرفتار ہائی ایس کی ٹکر، سڑک کنارے کھڑی بچی جاں بحق
حادثہ اڈا کھجی والا کے قریب پیش آیا،ڈرائیور فرار، مقدمہ درج ،کارروائی جاری
کوٹ ادو (ڈسٹرکٹ رپورٹر، نامہ نگار) اڈا کھجی والا کے قریب تیزرفتار ہائی ایس ویگن کی ٹکر سے چھ سالہ بچی جاں بحق ہو گئی، جس سے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر سرور شہید کو اطلاع موصول ہوئی کہ شمال کی جانب سے آنے والی ایک ہائی ایس ویگن نہایت تیز رفتاری سے سڑک پر آ رہی تھی۔ بے قابو گاڑی نے سڑک کنارے کھڑی کمسن بچی کو کچل دیا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئی اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت امِ شاہ زیب ولد شعیب مرجانہ، قوم مرجانہ کھیڑا، سکنہ دیہہ کے نام سے ہوئی، جس کی عمر تقریباً چھ سے سات سال بتائی گئی ہے ۔ حادثے کے دوران ویگن میں سوار چند افراد کو بھی معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ واقعے کے بعد ویگن کا ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہو گیا۔پولیس نے جاں بحق بچی کے والد شعیب مرجانہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے جبکہ فرار ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے کی تحقیقات جاری ہیں اور شواہد کی روشنی میں ذمہ دار کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔اہل علاقہ نے واقعے پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ تیزرفتاری پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے قیمتی جانوں کو بچایا جا سکے ۔