امتحانی سنٹرز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ

امتحانی سنٹرز میں سی سی ٹی وی کیمرے لگانے کا فیصلہ

میٹرک، انٹر میڈیٹ امتحانات میں نقل کا رجحان روکنے کیلئے اقدام کیا گیا

ملتان (خصوصی رپورٹر)میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں نقل اور بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لئے ملتان ڈویژن کے سرکاری کالجز میں قائم امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ اس اقدام کا مقصد شفاف، منصفانہ اور میرٹ پر مبنی امتحانی نظام کو یقینی بنانا ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ڈویژنل سطح پر امتحانی نظام میں شفافیت لانے کے لیے کیا گیا ہے ۔ ابتدائی مرحلے میں ملتان، خانیوال، وہاڑی اور لودھراں کے منتخب سرکاری کالجز میں قائم امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب کئے جائیں گے ، جبکہ آئندہ مرحلے میں اس منصوبے کو تمام امتحانی مراکز تک توسیع دی جائے گی۔سی سی ٹی وی کیمرے امتحانی ہالز، داخلی و خارجی راستوں اور دیگر حساس مقامات پر نصب کئے جائیں گے ۔ ان کیمروں کی نگرانی ایک مرکزی کنٹرول روم سے کی جائے گی، جہاں سے امتحانی عمل کی براہِ راست مانیٹرنگ ممکن ہو گی۔ 

کسی بھی مشکوک سرگرمی یا ضابطہ خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے گی۔محکمہ ہائر ایجوکیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نقل کے رجحان میں واضح کمی آئے گی اور طلبہ میں محنت، دیانت داری اور میرٹ پر اعتماد بڑھے گا۔ اس کے ساتھ امتحانی عملے کی کارکردگی پر بھی مؤثر نگرانی ممکن ہو سکے گی، جس سے مجموعی طور پر امتحانی نظم و ضبط اور تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں