چوری شدہ گاڑیا ں فروخت کرنیوالے گینگ کا سرغنہ گرفتار
نواز نمبر دار گاڑیاں ٹیمپر کر کے فروخت کرتا، دیگر کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل
سکندرآباد (نامہ نگار) تھانہ سٹی پولیس شجاع آباد نے چوری شدہ گاڑیاں ٹیمپر کر کے فروخت کرنے والے جنوبی پنجاب کے بااثر گینگ کے سرغنہ نواز نمبردار کو گرفتار کر کے چار روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا۔ پولیس کے مطابق گینگ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے اسسٹنٹ سب انسپکٹر و کیس کے تفتیشی اشفاق طاہر کی قیادت میں خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے اور گھروں پر چھاپے شروع کر دیے گئے ہیں۔مقدمہ سکندرآباد کے رہائشی رانا محمد شہباز کی رپورٹ پر درج کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ نواز نمبردار اور اس کے ساتھیوں نے چوری شدہ اور ٹمپر شدہ گاڑی 32 لاکھ روپے میں فروخت کی۔ گینگ کا طریقہ واردات یہ ہے کہ سادہ لوح شہریوں کو سستی گاڑیاں خریدنے کا جھانسہ دے کر قانونی کارروائی میں پھنسا دیا جاتا ہے۔