40سال بعد حب ریز روائر کی صفائی کا آغاز

40سال  بعد  حب  ریز  روائر  کی  صفائی  کا  آغاز

ساڑھے سات ایم جی ڈی کیپسٹی والے دو بڑے ٹینک کی صفائی کے لیے کام شروع ،کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کرنے کا ہدف دے دیا گیااورنگی ٹاؤن، منگھوپیر، بلدیہ سمیت متعدد علاقوں میں پانی کی دستیابی میں آسانی ہوگی،تنقید سے گھبرانے والے نہیں،میئر مرتضیٰ وہاب کی پریس کانفرنس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کے احکامات پر حب ریزوائر کی صفائی اور بہتری کے لیے اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں، جو چالیس سال بعد کیے جا رہے ہیں۔میئر نے سی ای او اور سی او او واٹر کارپوریشن کے ہمراہ حب ریزروائر کا دورہ کیا، جہاں شہر میں پانی کی فراہمی کے لیے اہم انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔بعد ازاں واٹرکارپوریشن کے صدر دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ حالیہ بارشوں کے بعد حب ڈیم مکمل طور پر بھر چکا ہے ، حب ڈیم پر نئی کینال تعمیر کی گئی ہے جبکہ پرانی کینال کی بہتری کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں،حب ڈیم میں اتنی گنجائش موجود ہے کہ شہر کو 100 ایم جی ڈی کے حساب سے اگلے تین سال تک پانی فراہم کیا جا سکتا ہے جبکہ پرانی کینال کی مکمل مرمت کے بعد 200 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی، نئی کینال کا کام آٹھ ماہ میں مکمل کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پندرہ ایم جی ڈی پر مشتمل حب ریزر وائر کی صفائی اور بہتری کا کام رمضان المبارک سے قبل مکمل کرنے کا ہدف ہے ۔

ساڑھے سات ایم جی ڈی کیپسٹی والے دو بڑے ٹینک کی صفائی اور بہتری کے لیے کام شروع ہو گیا ہے ، ہیوی مشینری کے ذریعے حب ریزروائر کی مکمل گنجائش بحال کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔میئر کراچی نے کہا کہ حب ریزر وائر کی مکمل گنجائش بحال ہونے سے شہر میں پانی کی فراہمی میں بہتری آئے گی، اورنگی ٹاؤن، منگھوپیر، بلدیہ سمیت متعدد علاقوں میں پانی کی دستیابی میں آسانی ہوگی۔حب ریزر وائر کے دونوں ٹینک کی صفائی مرحلہ وار کی جائے گی، اور پہلے مرحلے میں ساڑھے سات ایم جی ڈی کے ایک ٹینک کی صفائی کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ذمہ داری ہمیشہ قیادت کی ہوتی ہے ، لوگ آتے ہیں اور چلے جاتے ہیں لیکن قیادت جوابدہ رہتی ہے ،انہوں نے کہا کہ انسانیت سے بڑھ کر کچھ نہیں، جو لوگ تکلیف اور پریشانی میں ہیں ہمیں ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے ، ہمیں اپنے کردار سے یہ ثابت کرنا ہوگا کہ سیاسی قیادت عوامی مسائل پر سیاست نہیں کرتی،تنقید سے گھبرانے والے نہیں، کورنگی کازوے کے پل کی تعمیر سے قبل بھی ان پر تنقید ہوتی رہی مگر انہوں نے  عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں