صنعتکاروں کو پرامن ماحول کی فراہمی ترجیح،ڈی آئی جی

صنعتکاروں کو پرامن ماحول کی فراہمی ترجیح،ڈی آئی جی

بھتہ خوری کے معاملات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہورہا ہےڈاکٹر فرخ علی کی زیر صدارت کاٹی میں خصوصی ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی ایسٹ زون کراچی ڈاکٹر فرخ علی کی زیر صدارت خصوصی ٹاسک فورس کا دوسرا اجلاس کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے دفتر میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں خصوصی ٹاسک فورس کے افسران اور کاٹی کے اراکین نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران صنعتی علاقوں میں امن و امان کی صورتحال، فیکٹری مالکان کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے کیے گئے عملی اقدامات، اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف ہونے والی کارروائیوں اور گرفتاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر کاٹی اراکین نے مطالبہ کیا کہ گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے ، مزید نامزد ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی جائے اور بلیک میلنگ کرنے والے لیبر لیڈرز کی پشت پناہی کرنے والے عناصر کا بھی مکمل طور پر قلع قمع کیا جائے ۔ٹاسک فورس کے سربراہ ڈی آئی جی ایسٹ زون ڈاکٹر فرخ علی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیکٹری مالکان کو ہراساں کرنا، ناجائز مطالبات منوانا، بلیک میلنگ اور بھتہ خوری کے معاملات میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے ۔ ایسٹ زون پولیس کی اولین ترجیح یہ ہے کہ صنعتکاروں کو بلا خوف و خطر اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے پُرامن اور سازگار ماحول فراہم کیا جائے ۔ڈی آئی جی ایسٹ زون نے ہدایت دی کہ فیکٹری مالکان کی شکایات کا فوری اور بروقت ازالہ کیا جائے اور شرپسند عناصر کے خلاف موثر اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں