ٹاؤن کے افسران کی سینیارٹی فہرست جاری کرنے کاحکم

ٹاؤن کے افسران کی سینیارٹی فہرست جاری کرنے کاحکم

سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کوڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس کرانے کی ہدایت مجموعی طور پر 96افسران ترقی کے منتظر ،حق تلفی کی جا رہی ہے ،درخواست گزار

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے جونیئر ٹاؤن افسران کو پروموشن نہ دینے کے معاملے پر دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کو سینیارٹی فہرست جاری کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ عدالت نے دو ماہ کے اندر ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے ۔ عدالت میں جونیئر ٹاؤن افسر الطاف گوہر و دیگر کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ دورانِ سماعت وکیلِ درخواست گزار اسد اللہ بلوچ نے مؤقف اختیار کیا کہ سال 2022 میں یو سی سیکریٹریز کو جونیئر ٹاؤن افسر کے عہدے پر پروموٹ کیا گیا تھا تاہم 2022 سے اب تک جونیئر ٹاؤن افسران کی مزید پروموشن کا عمل مکمل طور پر رکا ہوا ہے ۔ وکیلِ درخواست گزار نے عدالت کو آگاہ کیا کہ متعلقہ محکمے میں متعدداسامیاں خالی ہیں، جس کے باعث ایک ایک افسر کے پاس چار چار اضافی چارجز ہیں، جبکہ نہ تو ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا جا رہا ہے اور نہ ہی سینیارٹی فہرست جاری کی جا رہی ہے ۔ درخواست گزاروں کے مطابق ان حالات کے باعث محکمہ شدید انتظامی مسائل کا شکار ہے اور درخواست گزار سمیت مجموعی طور پر 96 افسران ترقی کے منتظر ہیں مگر ان کی حق تلفی کی جا رہی ہے ۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کو سینیارٹی فہرست جاری کرنے اور دو ماہ کے اندر ڈیپارٹمنٹل پروموشن کمیٹی کا اجلاس منعقد کرنے کا حکم دیدیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں