فلڈ بند کی مجوزہ الائنمنٹ ،محکمہ انہار کی تجاویز پر تحفظات کا اظہار
اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات، واپڈا میٹروں کی قلت پر غور
مظفرگڑھ (سٹی رپورٹر)رکن قومی اسمبلی عامر طلال گوپانگ کی صدارت میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی (ڈی سی سی) کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈپٹی کمشنر اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید غضفر علی شاہ بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں 2025 کے بعد از سیلاب اقدامات اور متعلقہ محکموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے دوران چندر بان فلڈ بند کی مجوزہ الائنمنٹ پر محکمہ انہار کی تجاویز پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ رکن قومی اسمبلی نے ہدایت کی کہ فلڈ بند کی الائنمنٹ زمینی حقائق، عوامی جان و مال اور زرعی زمین کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے ازسرنو تیار کی جائے ۔اجلاس میں سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات، واپڈا میٹروں کی قلت، اور امن و امان پر بھی غور کیا گیا۔ رکن قومی اسمبلی نے پولیس کی کارکردگی کو سراہا اور عوام میں تحفظ کے احساس کی اہمیت پر زور دیا۔ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ تمام محکمے باہمی رابطے سے عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنائیں گے ۔ رکن صوبائی اسمبلی اجمل چانڈیہ نے رنگ پور کینال منصوبے کی بحالی کو سراہا اور اجلاس میں دیگر اراکین بھی شریک تھے ۔