خواتین کے موبائل چرانے والے گروہ کی رکن گرفتار
ملزم ساتھیوں کیساتھ مل کر بازار میں خواتین کو نشانہ بناتی تھی
وہاڑی ، بورے والا (نمائندہ خصوصی، سٹی رپورٹر، نمائندہ دنیا ) ڈی پی او تصور اقبال کی ہدایات پر بازاروں اور مارکیٹوں میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ۔ ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاؤن بوریوالا مہر قیصر منظور اور ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ریشم گلی سے خواتین کے موبائل اور نقدی چوری کرنے والی تین رکنی نوسرباز خواتین گینگ کی ایک سرگرم رکن کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمہ کی شناخت نسیم یوسف کے نام سے ہوئی۔پولیس کے مطابق ملزمہ دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر بازاروں میں خریداری کرنے والی خواتین کو نشانہ بناتی تھی۔
گینگ کی ایک خاتون ہجوم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے خواتین کو دھکا دیتی اور موقع پا کر ان کے پرس یا جیب سے موبائل فون اور نقدی چوری کر کے فرار ہو جاتی تھی، جبکہ دوسری خواتین متاثرہ کو الجھا دیتیں تاکہ واردات کا فوری پتہ نہ چل سکے ۔پولیس نے ملزمہ کے خلاف 4 مقدمات درج کر لیے ہیں اور باقی دو خواتین ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے ۔ ڈی پی او تصور اقبال کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ایسے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔