15اضلاع کے مڈل سکولز میں اساتذہ کی بھرتی کا فیصلہ
لٹریسی اینڈ نان فارمل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی 108اسامیاں مشتہر
ملتان (خصوصی رپورٹر)لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت 15 اضلاع بشمول ملتان میں مڈل سکولز میں اساتذہ کی بھرتیوں کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔ اس عمل کے تحت 108 تعلیمی اداروں میں اسامیاں خالی ہیں۔اہل امیدوار کم از کم بی اے (50 فیصد نمبرز کے ساتھ)ڈگری رکھنے والے درخواست دے سکتے ہیں۔ صرف وہی امیدوار ٹیسٹ اور انٹرویو کے لئے اہل ہوں گے جو مقررہ طریقہ کار کے مطابق آن لائن درخواست جمع کروائیں۔ درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 17 اپریل 2026 مقرر کی گئی ہے ، اور رات 12 بجے کے بعد موصول ہونے والی درخواستیں قابل قبول نہیں ہوں گی۔حکام کے مطابق بھرتی کے عمل میں مجموعی طور پر 54 اساتذہ منتخب کیے جائیں گے ، جن میں 32 خواتین اور 22 مرد شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، منتخب اساتذہ کے ساتھ 54 ٹیکنیکل اسکلز رکھنے والے ٹیچرز بھی منسلک کیے جائیں گے تاکہ طلباء کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم فراہم کی جا سکے ۔تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ لرننگ پروگرام ایسے بچوں کو تعلیم کے دائرے میں لانے کے لیے اہم ہے جو کسی وجہ سے سکول سے باہر رہ گئے ہیں، اور نئی بھرتیاں پروگرام کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گی۔ متعلقہ حکام نے امیدواروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت آن لائن درخواست جمع کروائیں تاکہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے ۔