دیور سے شادی پر خاتون کا عرصہ حیات تنگ کردیا گیا

دیور سے شادی پر خاتون کا عرصہ حیات تنگ کردیا گیا

خاوند کی وفات کے بعد شریعت کے مطابق نکاح کیا،ہراساں کیا جا رہا مخالفین جائیداد ہتھیانا چاہتے ہیں،تحفظ اور انصاف دلایا جائے ، متاثرہ

لودھراں (سٹی رپورٹر) خاوند کی وفات کے بعددیور سے شادی پر خاتون کا عرصہ حیات تنگ کردیا گیا۔ خاتون نے ہراساں کیے جانے اور جائیداد پر قبضہ کی کوششوں کا الزام عائد کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے انصاف کی اپیل کر دی۔ جلال پور موڑ چاہ یونس والہ کی رہائشی زینب عابد نے اپنے شوہر سید ابرار شاہ اور دیور سید نذیر شاہ کے ہمراہ لودھراں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اس کی شادی عابد شاہ سے ہوئی تھی جس سے اس کے پانچ بچے ہیں۔ چند ماہ قبل اس کے خاوند کا دل کے دورہ کے باعث انتقال ہو گیا جس کے بعد اس نے اپنے خاوند کے چھوٹے بھائی سید ابرار شاہ سے شریعت کے مطابق نکاح کر لیا۔خاتون کا کہنا تھا کہ اس کے دیور رحمت شاہ اور دیگر رشتہ دار اس فیصلے سے نالاں ہیں اور جائیداد ہتھیانے کے لیے مختلف ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ اس نے الزام لگایا کہ مخالفین نے اس کے بیٹے کو بہلا پھسلا کر اس کے خلاف بیانات دلوائے اور مختلف فورمز پر جھوٹی درخواستیں دے کر انہیں پریشان کیا جا رہا ہے ۔ خاتون کے مطابق اسے اور اس کے شوہر کو مسلسل ہراساں کیا جا رہا ہے جبکہ بچوں کو بھی اس کے خلاف اکسانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب، آر پی او ملتان اور ڈی پی او لودھراں سے مطالبہ کیا کہ انہیں تحفظ فراہم کیا جائے اور انصاف دلایا جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں